کراچی : ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا اعلان کردیا، دودھ کی فی لیٹر قیمت 90 روپے مقرر کردی، اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس پر چھاپہ مارکر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کا غیر قانونی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں ڈیری فارمرز نے ازخود دودھ کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے90روپے فی لیٹر مقرر کردی۔
بعد ازاں اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈیری فارمرز کے اجلاس پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران دودھ کےاضافی نرخ کا اعلان کرنیوالے ڈیری فارمرز فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم اجلاس کے بعض شرکاء کو سکھن تھانے کی پولیس نے گرفتار کر کے لاک اپ کردیا۔
بعد ازاں ڈیری فارمرز کا ایک گروپ اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے کیخلاف سکھن تھانے پہنچ گیا، ڈیری فارمرز کے گروہ نے گرفتارافراد کو پولیس سے چھڑالیا۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے رکھا ہے اور قیمتوں سے متعلق کمشنر نے7 فروری کو اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
دودھ کی قیمت 120روپے فی لیٹرمقررکرنے کا مطالبہ
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔