حیدر آباد : شہر میں دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے محکمہ لائیو سٹاک کی سفارش کے بعد شہر میں دودھ 15 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا ہے کہ دودھ کی قیمت 15 روپے اضافے کے بعد 215 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دودھ کا ہول سیل ریٹ 200 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔
یاد رہے جون کے آغاز مین کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت کے بعد دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کی قیمت 20 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 220 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی جبکہ دودھ کی ہول سیل اور ڈیری فارمر کی قیمتیں بالترتیب 205 روپے اور 195 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈیری فارمرز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے درمیان ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
کمشنر کراچی اور ڈیری فارمرز کے درمیان معاہدے کے بعد قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے جس کی ایک کاپی اے آر وائی نیوز کے پاس دستیاب ہے۔
معاہدے کے مطابق ڈیری فارمرز دودھ سرکاری قیمت پر فروخت کریں گے اور عدم تعمیل کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔