لاڑکانہ : دودھ کی پیداوار بڑھانے کا مکروہ دھندہ دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے، اس سلسلے میں لاڑکانہ میں بھینسوں کو خطرناک ٹیکے لگائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز لاڑکانہ کے نمائندے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گائے اور بھینسوں میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے انہیں اوکسیٹوسن نامی ٹیکہ لگایا جاتا ہے جس سے مویشیوں کے دودھ دینے کی پیداوار بڑھ جاتی ہے۔
یہ زہریلا دودھ پینے سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ یہ جانوروں کیلئے انتہائی تکلیف دہ اور انسانی صحت کیلئے خطرناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق 16لاکھ کی آبادی پر مشتمل اس شہر میں بھینسوں کے 5 ہزار باڑے ہیں، جہاں زیادہ تر باڑہ مالکان دودھ کی زیادہ پیداوار کیلیے بھینسوں کو اوکسیٹوسن نامی انجکشن لگاتے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں میں اس انجکشن پر پابندی عائد ہے تاہم کینسر زدہ بھینسوں کا دودھ بچوں سمیت ہر کوئی استعمال کررہا ہے اور مارکیٹ میں فروخت کیلئے جانے والے ڈبہ پیک بیشتر دودھ جعلی ہیں۔