عام طور پر زیادہ تر لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ چائے آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ ہے، مگر ماہرین صحت نے روزانہ چائے پینے والوں کو اچھی خبر سنادی ہے۔
حالیہ تحقیق سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ روزانہ اگر دودھ کے بغیر چائے کا استعمال کیا جائے تو خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
سامنے آنے والی تحقیق میں 20 سے 80 سال کی عمر کے 2000 افراد کو شامل کیا گیا جن میں سے 436 ذیابیطس کے مریض اور 352 کو ہائی بلڈ شوگر تھا۔
ان افراد سے چائے پینے کی عادت کی بارے میں سوالناموں کو بھروایا گیا، نتائج سامنے آنے پر اس بات کا پتہ چلا کہ جو لوگ روزانہ چائے پیتے ہیں ان میں ہائی بلڈ شوگر یا پری ذیابیطس کا خطرہ 53 فیصد کم ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ ٹائپ ٹو ذیابیطس ہونے کا خطرہ 47 فیصد کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ جسمانی وزن، عمر اور طرز زندگی کی عادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی چائے ذیابیطس سے تحفظ کے لیے بہترین ہے۔
سبز چائے کے فوائد:
وزن میں اضافہ انسانی صحت کے لیے کسی بھی لحاظ سے سودمند نہیں کیونکہ جسم کی اضافی چربی مجموعی صحت کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے جس سے چھٹکارا پانے کیلیے لوگ مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔
ان ہی طریقوں میں ایک طریقہ سبز چائے پینا بھی ہے، اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ماہر غذائیت حنا انیس نے سبز چائے کے فوائد اور نقصانات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سبز چائے نسبتاً چائے کی تمام اقسام سے بہتر ہوتی ہے کیونکہ اس میں کیفین کی مقدار بہت کم ہوتی ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسمانی توانائی بڑھانے، ہاضمہ بہتر کرنے اور چربی گھلانے کا عمل تیز کرتے ہیں۔
ماہر غذائیت حنا انیس نے کہا کہ دن میں 2 سے 3 کپ سبز چائے کے استعمال کرنے چاہئیں اس میں چینی بالکل نہ ہو اور اسے چولہے پر زیادہ دیر تک نہ پکایا جائے اس کے استعمال سے چند دنوں میں کافی حد تک وزن کم کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خشک کھانسی میں مبتلا افراد گرین ٹی بالکل نہ پئیں کیونکہ یہ گلے کو اور بھی خشک کردے گی، اس میں ادرک، ملیٹھی، اجوائن یا سونف ڈال کر پئیں تو اس سے ذائقہ اور بھی بہتر ہوجائے گا اور فائدہ مند بھی۔
انہوں نے بتایا کہ سبز چائے پینا کمر اور پیٹ کی چربی کو گھلاتا ہے، سبز چائے پینے سے موٹاپے سے نجات کی رفتار تیز ہوجاتی ہے۔