کراچی: سکھر ایئر پورٹ سے منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے سکھر ایئر پورٹ پر خاتون سمیت دو مسافر گرفتار کیے ہیں، جن سے 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر برآمد ہوئے، خاتون مسافر سے 5 کلو سونا، دو سو گرام موتی اور 255 یو اے ای درہم بھی برآمد ہوئے۔
اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ تلاشی پر معلوم ہوا کہ مسافر محمد اسلام اور خاتون اناہیتا سہراب ایرانی نے بیگ میں غیر ملکی کرنسی چھپا رکھی تھی، دونوں مسافر پی کے 531 سے کراچی جا رہے تھے، کراچی پہنچنے کے بعد دونوں نے بیرون ملک سفر کرنا تھا، اے ایس ایف نے دونوں مسافروں کو مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ نومبر میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم اہل کاروں نے چیکنگ کے دوران مسافر کے سامان سے 17 ہزار امریکی ڈالر، 25 ہزار 600 یوآن جب کہ 25 ہزار 780 بھارتی روپے برآمد کیے تھے۔
لاہور ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ مسافر نجی ایئر لائن لائن کی پرواز 6018 سے ارمچی جا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا تھا۔ امریکی خاتون پرواز 342 لاہور سے مسقط جا رہی تھی، دوران چیکنگ خاتون کے سامان سے 2 سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے۔