ماہِ صیام کا تیسرا اورآخری عشرہ شروع ہوتے ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین پہنچ چکے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق لاکھوں زائرین حرمین شریفین میں عبادات میں مشغول ہیں، شبِ قدر کی تلاش میں عبادت گزاروں میں جوش و خروش، مدینہ منورہ میں خصوصی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔
ماہِ صیام کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مکہ مکرمہ مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں دس ہزار افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے۔ رواں برس دس ہزار افراد نے مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کرائی۔
سعودی حکومت نے اعتکاف کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں، عام افراد کا اعتکاف کے ایریا میں داخلہ ممنوعہ ہے۔
دوسری جانب طویل عرصہ بعد اس سال پاکستان سمیت سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی فلکیات مرکز نے گزشتہ روز پیشگوئی کی ہے کہ سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں 29 مارچ کو شوال المکرم کا چاند نظر آنا ناممکن ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 29 مارچ کو عید الفطر کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ چاند کا سورج غروب ہونے سے پہلے ہی غروب ہو جانا ہے۔ جس کے باعث آنکھوں یا دور بین سے بھی چاند کو دیکھنا ناممکن ہوگا۔
سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان
بین الاقوامی ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ممالک میں رمضان کا مہینہ 30 دنوں کا ہوگا۔ اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں عید پیر 31 مارچ کو ہوگی۔