لاہور: سکھوں کے مقدس مذہبی مقام پر شوبز جوڑی منال خان اور احسن محسن اکرام رومانوی تصویر پر کڑی تنقید کی زد میں آگئے۔
شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے سکھوں کے مقدس مقام کرتارپور کا دورہ کیا اور وہاں کھینچی گئی اپنی ایک رومانوی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منال خان کرتارپور راہداری کے سامنے اپنے شوہر احسن محسن کے کافی قریب موجود ہیں۔
سکدھ برادری اور سوشل میڈیا صارفین نے تصویر پر شدید ردعمل دیا اور جوڑے پر تنقید کی، ایک صارف نے لکھا کہ ’ہمیں مقدس مقامات کا احترام کرنا چاہیے، چاہے آپ شادی شدہ ہیں یا نہیں، کیا وہ کسی مقدس مقام پر بھی ایسی حرکت سے گریز نہیں کرسکتے؟
ایک اور صارف نے لکھا کہ بے شک آپ میاں بیوی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ کسی کے مقدس مقام پر جاکر اس طرح کی تصویر بنوائی جائے۔
پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھی شوبزجوڑے کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکات سے مذہبی مقدس مقامات کا احترام مجروح ہوتا ہے۔ یہاں آنے والے کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ گوردوارہ صاحب کوئی سیاحتی اور تفریحی مقام نہیں ہے بلکہ سکھوں کا ایک مقدس مذہبی مقام ہے۔ یہاں آنے والوں کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہوانہیں گوردوارہ صاحب کا احترام کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اداکارہ منال خان اوراحسن محسن گزشتہ برس ستمبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس سے قبل بھی اداکارہ اور ان کے شوہر کی رومانوی تصاویر پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔