منیلا: فلپائن میں آنے والے طاقتور زلزلوں سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فلپائن کے جنوبی حصے ان دنوں زلزلے کی زد میں ہیں، انتظامیہ نے مزید زلزلوں کی وارننگ دے رکھی ہے البتہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے جنوبی صوبے کوتاباتو میں گذشتہ تین دن کے دوران دو طاقتور زلزلے کے جھٹکوں نے سولہ افراد کی زندگیاں نگل لیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار تاحال آپریشن میں مصروف ہیں، ملبہ ٹھکانے لگانے سمیت شہریوں کے دوبارہ مکانات کی تعمیر میں مدد کی جائے گی۔
زلزلے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور بہت سی عمارتیں گرگئیں، منہدم عمارتیں رواں ماہ آنے والے زلزلے سے کمزور ہوگئی تھیں۔
زلزلے سے کوتاباتو کے علاقے سوکسارجن میں سات افراد مارے گئے جبکہ تین افراد کی ہلاکتیں داواؤ میں ہوئی، جبکہ باقی افراد مختلف علاقوں میں ہلاک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث دو ہزار خاندان متاثر ہوئے، 12 ہزار کے قریب شہریوں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر رہائش دی گئی ہے۔
فلپائن کا علاقہ کراہ ارض میں اُس مقام پر واقع ہیں جہاں دنیا بھر میں آنے والے 90 فیصد زلزلوں کا مرکز پایا جاتا ہے، امریکی سائنسدانوں کے مطابق 1990 سے 2016 آنے والے تمام بڑے زلزلوں کا مرکز یہی بیلٹ تھا۔
فلپائن: تین دن کے اندر دوسرا طاقتور زلزلہ، 5 افراد ہلاک
واضح رہے کہ گذشتہ سال 29 دسمبر کو فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کا مرکز فلپائن سے 84 کلومیٹر جنوب مشرق میں 59 کلو میٹر زیرزمین تھا۔