ڈیرہ اسماعیل خان : محکمہ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی ایف او آفس میں خصوصی طور پر بنائے جانے والے ’منی چڑیاگھر‘ میں مختلف اقسام کے پرندے فراہم کر دئیے گئے۔
وسیع و عریض پنجرے میں محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے فراہم کردہ ان پرندوں کو صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ نے اپنے ہاتھوں سے چھوڑتے ہوئے کہا کہ چھوڑے جانے والے یہ پرندے نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان کے جنگلات دفتر کی خوبصورتی میں اضافی کریں گے بلکہ ان قیمتی پرندوں کی نسل بڑھانے کے اقدامات کو بھی فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بلین ٹری منصوبے کے تحت لگائے جانے والے جنگلات میں بھی کوشش کی جائے گی کہ جہاں جہا ں ممکن ہو، وہاں جنگلی حیات کی نایاب نسلوں کو پروان چڑھایا جائے گا جبکہ ان قیمتی اور نایاب پرندوں کی حفاظت کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر کنزرویٹو شفقت اللہ خان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ڈیرہ عابد ممتاز اور ڈی ایف او جنگلی حیات سجیل بلوچ بھی صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ کے ہمرا ہ موجود تھے۔
دوسری جانب ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول سے دور رکھنے سے ان کی افزائش ِ نسل اور ان کے عادات واطوار میں فرق پڑتا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔