ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے خروج وعودہ کے حوالے سے پاسپورٹ کی کم از کم مدت کے بارے میں جوازات نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوازات (محکمہ پاسپورٹ) نے کہا ہے کہ خروج وعودہ کے لیے پاسپورٹ کی مدت کم از کم 90 دن ہونی چاہیے اس سے کم ہونے پرسسٹم از خود درخواست کو خارج کر دیتا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں، جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے، آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں اور ان سے آگاہی ضروری ہے۔
ایک شخص نے دریافت کیا تھا کہ اس کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے میں 83 دن باقی ہیں کیا خروج وعودہ لگ سکتا ہے؟ جوازات نے بتایا کہ کم از کم 90 دن ہونے چاہیئں۔
واضح رہے جوازات کے سسٹم میں تارکین کے پاسپورٹ کی انتہائی مدت درج ہوتی ہے، جب کہ ابشر یا مقیم کا خود کار سسٹم اس مدت کے مطابق فیڈ کیے گئے احکامات کے مطابق کام کرتا ہے۔
خروج و عودہ کے لیے 90 دن سے کم ہونے کی صورت میں خود کار طریقے سے درخواست مسترد ہو جاتی ہے، تاہم اگر کسی کو ایمرجنسی جانا ہو تو اس کے لیے سفارت خانے سے پاسپورٹ کی مدت میں روایتی طریقے سے اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد جوازات کے سسٹم میں بڑھائی گئی مدت فیڈ کرنے کے بعد خروج وعودہ لگایا جا سکتا ہے۔