کراچی: سندھ منیمم ویج بورڈ کی جانب سے مزدوروں اور ملازمین کے لیے بڑی خوش خبری آئی ہے، بورڈ نے ہنرمند اور غیر ہنرمند ورکرز کی ’کم سے کم اجرت‘ مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ’کم سے کم اجرتی بورڈ سندھ‘ نے غیر ہنر مند اور ہنر مند ورکرز کی کم از کم اجرت مقرر کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے، اور کہا ہے کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز 14 دن کے اندر اپنے اعتراضات متعلقہ محکمے میں جمع کروا سکتے ہیں۔
’’منیمم ویج بورڈ‘‘ کے سیکریٹری محمد نعیم منگی کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے اندر قائم تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ صنعتی ادارے تجویز شدہ کم از کم ماہانہ اجرت دینے کے پابند ہوں گے۔
بورڈ کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق غیر ہنر مند ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے ہوگی، نیم ہنر مند ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 41280 روپے ہو گی، جب کہ ہنر مند ورکرز کی کم وے کم ماہانہ اجرت 48910 روپے ہوگی۔
تجویز کے مطابق ہائیلی اسکلڈ (انتہائی ہنرمند) ورکرز کی کم سے کم ماہانہ اجرت 50868 روپے مقرر ہوں گے، بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ مذکورہ اجرتیں یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل سمجھی جائیں گی۔