پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر وزیر عاطف خان نے پاکستان کی کم عمر ترین تائی کوانڈو ایتھلیٹ عائشہ ایاز کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر عاطف خان نے وادیٔ سوات سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ تائی کوانڈو کی نیشنل چیمپئن عائشہ سے ملاقات کی۔
[bs-quote quote=”صوبے کے باصلاحیت بچوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”عاطف خان” author_job=”سینئر وزیر کے پی کے”][/bs-quote]
ملاقات میں سینئر وزیر نے تائی کوانڈو میں کم عمر ترین ایتھلیٹ عائشہ ایاز کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبے کے باصلاحیت بچوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے، کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا بہتر امیج اجاگر کر رہے ہیں۔
سوات میں تیسری جماعت کی طالبہ عائشہ ایاز نے چند دن قبل دبئی میں فجیرہ مارشل آرٹ کلب کے زیرِ اہتمام اوپن تائی کوانڈو چیمپئن شپ کے بین الاقوامی مقابلوں میں کانسی کا تمغا جیتا ہے۔
عائشہ ایاز ان دنوں اپنے والد تائی کوانڈو کے عالمی کھلاڑی ایاز نائیک کی زیرِ نگرانی اولمپکس کی تیاریاں کر رہی ہیں۔
سوات کے ایک گاؤں کانجو سے تعلق رکھنے والی کم سِن عائشہ نے تین سال کی عمر سے مارشل آرٹس کی مشقیں شروع کیں اور اب تک تین بار نیشنل چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
عائشہ نے ضلعی چیمپئن شپ 5 بار جب کہ صوبائی چیمپئن شپ 2 بار اپنے نام کی ہے، والد ایاز تھائی لینڈ میں تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغا جیت چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی کم عمرترین ایتھلیٹ عائشہ ایاز کو ملاقات کی دعوت
کانسی کا تمغا جیتنے پر عائشہ ایاز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہیں۔ خیال رہے کہ عائشہ جب میڈل جیت کر اپنے گاؤں واپس پہنچیں تو ان کا شان دار استقبال کیا گیا۔
واضح رہے کہ عائشہ کے دو چھوٹے بھائی بھی تائی کوانڈو کے کھلاڑی ہیں، 6 سالہ زریاب خان قومی سطح پر گولڈ میڈل جب کہ پانچ سالہ زیاب خان چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔