جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر مملکت بن جائیں گے، شفقت محمود

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیر برائے تعلیم و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر مملکت بن جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے پاس سادہ اکثریت ہے۔

شفقت محمود نے کہا ’اپوزیشن لڑے یا جڑے ہمیں فرق نہیں پڑتا، وہ ذاتی مفادات کے لیے اکھٹی ہوئی ہے، ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں موروثی سیاست ہے۔‘

انھوں نے پی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، اس لیے اب وہ قومی جماعت بننا چاہتی ہے، لیکن وہ تحریکِ انصاف کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔‘

تحریکِ انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی جماعت بن گئی ہے، اس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں ہے، ڈاکٹرعارف علوی صدر پاکستان کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔


صدراتی انتخاب میں جو تقدیر میں ہوگا قبول کروں گا: ڈاکٹر عارف علوی


ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمارے اتحاد سے متعلق مفروضے بنا رہی ہے، اتحادیوں سے ہمارے تحریری معاہدے ہوئے ہیں، اپوزیشن اپنے اتحاد کی فکر کرے، ہمارا اتحاد ٹھیک ہے۔

انھوں نے سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’آصف زرداری کے پاس برطانیہ کی جعلی ڈگری ہے، جب کہ عارف علوی 25 سال سے سیاست میں اور ڈینٹل سرجن ہیں، ان کا ماضی شان دار ہے، کرپشن سے پاک ہیں۔‘

شفقت محمود نے پی پی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی عزت کرتے ہیں، لیکن اگر پیپلز پارٹی کے پاس نمبر پورے ہوتے تو آصف زرداری امیدوار ہوتے، نمبر پورے نہیں تو اعتزاز احسن کو امیدوار بنایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں