وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور رواں ماہ جولائی میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خرم دستگیر نے بتایا کہ کوئلے ترسیل کے باعث پلانٹس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، آئندہ 2 سے 3 دن میں لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئے گی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ شہروں کے باہر ایک ایک میگاواٹ کے سولر پلانٹ لگائیں گے، ایک سولر پلانٹ سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی۔
”وزرات توانائی نے شمسی توانائی پر وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی ہے، پلانٹس کو زیادہ سے زیادہ شمسی توانائی پر چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے“۔
خیال رہے کہ وزیر نے کچھ روز قبل اپنے ایک بیان میں قوم کو عید الضحیٰ پر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کی خبر سنائی تھی۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ عید الضحیٰ پر لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی لیکن واضح کمی آئے گی، 720 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے 29 جون سے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
”نئے میگا پراجیکٹ سے اگلے سال گرمی میں بجلی کی پریشانی نہیں ہوگی، بجلی کا بحران ملک کے ساتھ بڑی ڈکیتی کرنے والوں کی وجہ سے آیا تھا، وقت پر ایندھن نہ خریدنے کی مجرمانہ غفلت کی گئی“۔