کراچی: سندھ حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر کے لیے بڑی خوش خبری دے دی، اویس شاہ نے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر کے لیے ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز طلبہ سے آدھا کرایہ وصول کریں گے، خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ آف سندھ کی جانب سے ایک پبلک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سینئر شہریوں اور طلبہ سے آدھا کرایہ وصول کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے عوام سے اضافی کرایہ لینے سے روک دیا
نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے اڈے سیل کیے جائیں گے اور ان پر بھاری جرمانے بھی عاید کیے جائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ریجنل سیکریٹریز کرایوں کے سلسلے میں نگرانی کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز کو عوام سے زیادہ کرائے لینے سے روک دیا تھا۔
دوسری طرف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کہا تھا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ہماری 90 فی صد گاڑیاں سی این جی اور 10 فی صد ڈیزل پر ہیں۔