اسلام آباد : وزارت داخلہ نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کرتے ہوئے کاروبار شخصیات کیلئےاسلحہ لائسنس کے حوالے سے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کر دی اور کاروبار شخصیات کیلئےاسلحہ لائسنس کے حوالے سے بھی نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی وزارت داخلہ پہنچے اور عہدے کا چارج سنبھال لیا، اس موقع پر وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور ذیلی اداروں سےمتعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ شرمناک اور دین کی تعلیمات کے منافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو حق ہے کہ ملک میں بلا خوف نقل و حرکت کرسکے، ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔