کراچی: وزارت قانون نےانسداداسمگلنگ کا آرڈیننس تیارکرلیا ، جس کے تحت اسمگلنگ کرنےوالےکو14سال قید، سامان ضبط اور50فیصد جرمانہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون نےانسداد اسمگلنگ کیلئے آرڈیننس تیار کر لیا، جس میں ان ڈکلیئرڈروٹس سےڈالرز، گندم،چینی ،چاول کی ترسیل اسمگلنگ قرار دی گئی ہے
وزارت قانون کا کہنا ہے کہ ہینڈ سینیٹائزرز،ماسک سمیت ضرورت کی اشیا کی ترسیل بھی اسمگلنگ ہوگی، کسٹمزایکٹ کے تحت ڈکلئیرڈ روٹس سے ہی اشیا کی ترسیل قانونی طور پرجائز ہو گی.
وزارت قانون کے مطابق اسمگلنگ کرنےوالےکو14سال قید، سامان ضبط اور50فیصد جرمانہ ہو گا اور کسٹم حکام نےشکایت کے باوجود ایکشن نہ لیا تو سیکریٹری قانون کارروائی کریں۔
یاد رہے گذشتہ روز وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لیے ناسور ہے، ذخیرہ اندوزی،ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، قانون کے مطابق سخت ترین سزا ئیں دی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کا بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، متعلقہ محکمے دیانت دار ،فرض شناس افسران کی خدمات لیں،افسران وہاں تعینات کریں جہاں اسمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کاخدشہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جائے،صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے،کسی قسم کی انتظامی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔