اسلام آباد : وزارت قومی صحت نے عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر گائیڈ لائنز جاری کردیں ، جس میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے عید الاضحی بارے گائیڈ لائنز جاری کر دیں، گائیڈ لائنز مویشی منڈی، نماز عید، قربان گاہوں سے متعلق ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہمویشی منڈیوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جس کے باعث مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کیا جائے اور سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔
گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ نماز عید کے دوران رش سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے، اس لئے عید پر خاندان میں دعوتوں سے گریز کیا جائے۔
وزارت قومی صحت نے مویشی منڈی میں موجودگی کے دوران ماسک پہننا لازم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیوپاری، خریدار کیلئے فیس ماسک لازمی ہو گا۔
گائیڈ لائنز کے مطابق مویشی منڈی کے داخلی مقامات پر آنے والوں کا بخار چیک کیا جائے اور سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے جبکہ مویشیوں کے بیوپاری اور خریدار کیلئے ویکسینیشن لازم ہے۔