اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منٹ خاموشی کی بجائے مسلمان مرحوم کی یاد میں فاتحہ خوانی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسلمان مرحوم کی یاد میں فاتحہ خوانی کی جائے اور ایک منٹ کی خاموشی کی بجائے دعائے مغفرت کی جائے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ مرحوم کے سلسلے میں اسلامی احکامات کے مطابق عمل کیا جائے، سورۃ فاتحہ، سورۃ اخلاص، درود شریف اور دعائے مغفرت پڑھی جائے۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم اپنے عقائد اور مذہبی رسومات کے مطابق عمل کریں۔
واضح رہے کہ مرحومین کی یاد میں مغرب کی پیروی کرتے ہوئے مسلمان بھی اب اپنے پیاروں کی یاد میں فاتحہ خوانی کی بجائے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، اسمبلیوں میں بھی یہ دیکھنے میں آیا ہے، اور سرکاری سطح پر بھی ایک منٹ کی خاموشی کی رسم ادا کی جاتی ہے۔