سجاول: سندھ کے ضلع سجاول میں 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سجاول کے علاقے عالم لاشاری میں 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا، پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
کمسن بچی کے لواحقین کے مطابق بچی کو سول اسپتال لے کر پہنچے تو وہاں لیڈی ڈاکٹر موجود نہیں تھیں، پہلے بچی کو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا وہاں بھی کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ بچی کو شام سے لے کر دربدر پھر رہے ہیں ، اسپتال میں داخل نہیں کیا جارہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچی کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ذہنی معذور 16 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا تھا، متاثرہ لڑکی کو تحصیل اسپتال کامونکی منتقل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی کے ورثا کی تلاش جاری ہے، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوگی۔