معروف پاکستانی اداکار گوہر رشید نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کیلیے انعامات کا اعلان کرنے والوں کیلیے پیغام جاری کر دیا۔
گوہر رشید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر قومی یئرو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر انعامات کا اعلان کیا ہے برائے کرام رسیدیں بھی شیئر کر دیں۔
اداکار نے اسٹوری پر ایک اور پوسٹ بھی شیئر کی جس میں ارشد ندیم اور بھارتی ایتھلٹ نیرج چوپڑا کی ماؤں کے مثبت بیانات ہیں۔
گوہر رشید نے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ان دونوں کی مائیں مل کر دنیا پر حکمرانی کریں تو کہیں جنگیں نہیں ہوں گی۔
یاد رہے کہ گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کیلیے انعامات کے اعلان کیے گئے۔ پاکستانی جیولن تھروور نے فائنل میں اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے طویل ترین تھرو کی اور گولڈ میڈل حاصل جو ملک کی 77 سالہ تاریخ میں انفرادی حیثیت میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔
ارشد ندیم کی اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم نہال اور شہر شہر، قصبے اور دیہات میں جشن منایا جا رہا ہے۔ ایسے میں حکومتوں، اداروں اور شخصیات کی جانب سے جیولن تھروور قومی ہیرو ارشد ندیم کیلیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔
سندھ حکومت نے ارشد ندیم کیلیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی 10 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر احسن بختاروی نے بھی ارشد ندیم کیلیے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ میئر سکھر ارسلان شیخ نے جیولن قومی ہیرو کے لیے سونے کے تاج اور شہر میں زیر تعمیر نیو اسپورٹس اسٹیڈیم کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ارشد ندیم کیلیے 10 کروڑ روپے کا اعلان کر رکھا ہے۔