جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

دورہ ویسٹ انڈیز، تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ڈومینیکا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنالیے جب کہ آج  دو عظیم کھلاڑی یونس خان اور مصباح الحق بھی اپنے کیرئیر کا آخری انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنا لیے ہیں پویلین لوٹنے والے واحد پاکستانی بلے باز شان مسعود 9 رنز بنا کر سلپ میں کیچ دے بیٹھے جب کہ اظہر علی 36 اور بابر اعظم 24 رنز کے ساتھ پچ پر موجود ہیں۔

ڈومینکا کا موسم بیٹنگ کے لیے بالکل سازگار نہیں ہے تیز ہوائیں باؤلرز کا ساتھ دے رہی ہیں اور گیند سوئنگ کر رہا ہے جسے کھیلنے میں بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا ہے اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

تاہم غیر موافق موسم اور پچ کی صورت حال کے باوجود پاکستانی بلے بازوں نے بڑی محتاط اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے اور ویسٹ انڈیز کے جلد از جلد وکٹیں گرانے کی منصوبہ بندی کو ناکامی سے دوچار کردیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے تحت  احمد شہزاد کی جگہ شان مسعود جب کہ شاداب کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ ٹیسٹ پاکستان کے دو سپر اسٹارز مصباح الحق اور یونس خان کے کیریئر کا آخری میچ ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے ساتھ مصباح الحق اور یونس خان کا شاندار کیریئر بھی اختتام کو پہنچ جائے گا۔

کپتان مصباح الحق کیریئر کے 75 ویں اور آخری ٹیسٹ میں میدان میں اترے ہیں، وہ اب تک 5 ہزار 161 رنز بنا چکے ہیں،42 سالہ مصباح نے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 38 نصف اور 10 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے سب سے زیادہ 25 ٹیسٹ میچز جیتے،  2010ء میں قیادت ملنے کے بعد مصباح نے ٹیسٹ ٹیم کو نمبر ون بنایا، 2016ء میں آئی سی سی نے مصباح الحق کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی مصباح کو پاکستان کا سب سے کامیاب کپتان قرار دیا۔

رنز کی مشین مرد بحران یونس خان 117 ٹیسٹ میچوں میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، وہ 33 نصف سنچریاں اور 34 ریکارڈ ساز سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

کرکٹ کے دو سپر اسٹارز کا کیرئیر تو ختم ہورہا ہے لیکن پاکستان کے یہ دو نایاب ہیرے ہمیشہ کرکٹ کی دنیا پر چمکتے رہیں گے۔

دوسری جانب تین ٹیسٹ میچوں کی جاری سیریز کے ایک ایک سے برابر ہونے کی وجہ سے آخری میچ نے فائنل کی صورت اختیار کرلی ہے۔


مزید پڑھیں : باربا ڈوس ٹیسٹ، پاکستان 81 رنز پر ڈھیر، سیریز 1-1سے برابر


یاد رہے کہ تین ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 106رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ اس گراؤنڈ پر پاکستان ٹیم پہلی بار کوئی میچ کھیل رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں