جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

مصباح الحق نے قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور:قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی جانب سے قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے روزانہ قذافی اسٹیڈیم آکر قائد اعظم ٹرافی کے میچزدیکھ رہے ہیں اور انہیں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بے پناہ تحفظات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے سب سے پہلے قومی اکیڈمی لاہور میں کھانے کا مینیو تبدیل کرادیا ہے۔ اب اکیڈمی میں کھلاڑیوں کومرغن کھانوں کے بجائے کم گھی والے ایسے کھانے دیئے جارہے ہیں جن سے ڈائٹ کنٹرول کی جاسکے گی۔

اسی طرح قائد اعظم ٹرافی میں بھی کھلاڑیوں کو مرغن کھانوں کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی کے لئے کھلاڑیوں کو کم گھی والے کھانے دیئے جارہے ہیں جن میں دال چاول، بار بی کیو، پاستا وغیرہ شامل ہیں جبکہ پہلی بار وافر مقدار میں فروٹ بھی دیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ کنٹرول کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے اور ماضی کے برعکس کھلاڑیوں کو اچھے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے میچز میں کھلاڑیوں کی جانب سے کیچز ڈراپ کیے جانے پر ان کی فٹنس کے حوالے سے متعدد حلقوں میں تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے اور اسے سنجیدہ مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو رواں ماہ آئندہ 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں