لندن : برطانوی اخبار نے پاکستان کے مصباح الحق کو دنیا کا بہترین ٹیسٹ کپتان قرار دے دیا۔
کرکٹ کی دنیا میں مسٹر ٹُک ٹُک کے نام سے مشہور مصباح الحق کو ایک اور اعزاز مل گیا، برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے مصباح الحق کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور انہیں دنیا کا بہترین ٹیسٹ کپتان کا خطاب دے دیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق مصباح الحق نے دوہزار دس میں اس وقت قیادت سنبھالی جب پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار تھی، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے ٹیم کو توڑدیا تھا ایسے میں مصباح الحق نے بکھری ہوئی ٹیم کو سنبھالا۔
مصباح کی قیادت میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو زیر کیا، آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کا نمبر تیسرا ہے، بہترین کپتانوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم کا دوسرا اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کا تیسرا نمبر ہے۔