لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز بہتر سہولیات کے مستحق ہیں، کھلاڑیوں کو ناقص سہولیات دی جا رہی ہیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک پیغام میں کہی، مصباح الحق نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے ویڈیو میں لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم دکھایا گیا گیا ہے جس کی حالت انتہائی خستہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی اسٹور روم نہیں بلکہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم ہے۔ صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا گراؤنڈ لاہور وائٹس اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ کے درمیان فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کررہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں میں چھ ٹیسٹ کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔
This is not a storeroom.This is LCCA ground's dressing room currently hosting first class match between SNGPL&Lahore whites.Six test players are playing in this match.I think players deserve better than this.Outfield and pitch is also not encouraging for cricket. pic.twitter.com/xpJ8RMSkkF
— Misbah Ul Haq (@captainmisbahpk) September 2, 2018
مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو فراہم کردہ ڈریسنگ روم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈریسنگ روم کے ساتھ واش روم گندے ہیں اور دیواروں سے رنگ بھی جھڑ رہا ہے جب کہ اس کا فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ذرا تصور کریں کہ اس گرمی میں ایک کمرے میں تقریباً 20 لوگ ہوں جہاں صرف ایک ہی پنکھا ہو۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کی بہتری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مذکورہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور یہی نہیں پچ اور آؤٹ فیلڈ بھی ہماری کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہے۔