بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

مصباح اور وقار یونس کی انڈر 19 ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح اور بولنگ کوچ وقار یونس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈر 19 ٹیم سے ملاقات کی، دونوں کوچز نے اپنے تجربے کے حوالے سے نوجوان کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے ٹپس دیں اور حوصلہ بڑھایا۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ اپنی شناخت بنانے کے لیے انڈر 19 ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے انڈر 19 کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولرز کے ساتھ خصوصی طور پر کام کیا، ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔

وقار یونس نے ٹیم کو کھیل پر فوکس کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز کو جنوبی افریقہ کی پچز سے بڑی مدد ملتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے بھی این سی اے لاہور میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی اور نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے دئیے تھے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ 9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ 10 جنوری کو جنوبی افریقا روانہ ہوگا، جہاں میگاایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں