اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مودی کی جیت پر خوشیاں منائیں یا افسوس کریں کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے، میرے شوہر سمیت کشمیر کی پوری قیادت کو نظربند کیا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی طور پر اپنے شوہر یاسین ملک کا کیس لڑنا چاہتی ہوں۔
[bs-quote quote=”کشمیر بھارت کا کبھی بھی حصہ نہیں رہا ” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سردار مسعود خان” author_job=”صدر آزاد کشمیر”][/bs-quote]
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر میں اس وقت بھی مارشل لا کی کیفیت ہے، کشمیریوں کے لیے آن لائن مہم چلائیں اور پٹیششن دائر کریں۔
دوسری جانب صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بی جے پی نے الیکشن لڑا سب کے سامنے ہے، مسلمانوں کو ہراساں کیا گیا اور تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ کئی دہائیاں گزر گئیں لیکن کشمیر کا مسئلہ جوں کا توں ہے، کشمیر بھارت کا کبھی بھی حصہ نہیں رہا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، آزادی کشمیریوں کا حق ہے، کشمیر میں بھارتی افواج کا جو ظلم ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔