اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا آج کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے ، اقوام متحدہ کیا آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ 11جون 1991 کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، آج کے دن بھارتی ایجنسیوں نے 32 کشمیریوں کو بازارمیں شہید کیا، زخمی کشمیر مچھلی کی طرح بازار میں تڑپتے رہے لیکن کشمیریوں کو اسپتال تک نہیں پہنچانے دیا گیا۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برساکربھارتی فوج نے بربریت کی مثال قائم کی، میں اپنے کشمیری شہداکوخراج عقیدت پیش کرتی ہوں، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائےگا۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی بربریت ظلم وجبرقتل وغارت کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کاتناسب بدل رہا ہے، اقوام متحدہ کیا آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہا ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دن بدن کورونا صورتحال بگڑتی جارہی ہے، وادی میں دو لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور 2500سے زائدکشمیری کورونا کے باعث جاں بحق ہوچکےہیں۔
انھوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا دنیا کشمیریوں کو انسان کیوں نہیں سمجھتی۔