اسلام آباد : حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی آئے روز لاشیں عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑ رہی ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم پرخاموشی توڑے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی عروج پرہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید5کشمیری شہید کردیئے، بھارتی فوج نے کپواڑہ میں 5کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے، کشمیریوں کی آئےروزلاشیں عالمی برادری کا ضمیرجھنجھوڑ رہی ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم پرخاموشی توڑے۔
اہلیہ یاسین نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کوآزادی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹاسکتے۔
رواں ماہ کے آغاز میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھانے پر بھارت انکی جان کا دشمن بن چکا ہے، دورہ ناروے کے دوران جہاز سمیت متعدد مقامات پر حراساں کرنے کی کوشش کی گئی ۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کمشیر کے علاقے کپواڑہ میں سرچ آپریشن کے نام پر قابض بھارتی فوج نے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، علاقے میں قابض بھارتی فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ انٹرنیٹ ، موبائل سروس بند کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔