اسلام آباد : حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا پاکستان کو مسئلہ کشمیر سے متعلق واضح اور مستحکم پالیسی ترتیب بنانا ہوگی، بھارت کو بروقت لگام نہ ڈالی گئی تو اسکا اگلا قدم آزاد کشمیر کی جانب ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب میں حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا مقبوضہ کشمیر میں چار ماہ سے جاری کرفیو میں ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کی گئی ہیں، کشمیری تاریخ کے بدترین دور سے گذر رہے ہیں۔
مشال ملک کا کہنا تھا کہ حریت قائدین سمیت پندرہ ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر کے بھارت کی مختلف جیلوں میں رکھا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں بازار، سکول اور کالجزبند ہیں اور اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی شدید قلت سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ کشمیر کے بارے مودی کی مذموم پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہوگا، بھارت کو بروقت لگام نہ ڈالی گئی تو اسکا اگلا قدم آزاد کشمیر کی جانب ہو گا ۔
مشال ملک کاکہنا تھا پاکستان کو کشمیر پر ایک مضبوط پالیسی بنانا ہوگی جبکہ پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کو ایک پیچ پر آنا ہو گا، سیاسی جماعتیں ملکر کشمیریوں کیلئے موثر آواز اٹھائیں ۔
مزید پڑھیں : بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے جشن مناتی ہے: مشال ملک
حریت رہنما کی اہلیہ نے مزید کہا نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
گذشتہ روز مشال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے بھارتی فوج جشن مناتی ہے، کشمیری مائیں شہید بیٹوں کے جنازے کے جلوس کی قیادت کرتی ہیں۔ بیٹوں کے لاشے اٹھا اٹھا کر کشمیری مائیں ذہنی توازن سے محروم ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر کے عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلسل کرفیو اور محاصرے نے کشمیریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔