اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے سوال کیا ہے کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں انسان نہیں بستے؟
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارتی یوم آزادی یوم سیاہ کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ پندرہ اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
مشعال ملک کا کہنا تھا 75سال سےبھارت نےہماراآزادی کاحق چھین رکھاہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت مسلسل ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ یاسین ملک کوجھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ، انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں مظالم پرخاموش تماشائی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے انسانی حقوق کی تنظیموں سے کیا مقبوضہ کشمیر میں انسان نہیں بستے۔
خیال رہے کشمیری آج بھارتی یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منارہے ہیں ، حریت قیادت کی کال پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے ، وادی بھر میں جگہ جگہ پوسٹرز لگا دیے گئے، جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج ہیں۔