اسلام آباد : حریت رہنما مشعال ملک نے کہا کہپاکستانی حکومت آر ایس ایس کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دلوانے کیلئے اقدامات کرے ، کشمیریوں کے منصفانہ مؤقف کو ہر فورم پر اجاگر کریں گے اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اور نظر بند و گرفتار حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے چائناچوک اسلام آباد سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت حریت رہنما مشعال ملک نے کی ، ریلی میں طلبا، مرد و خواتین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کشمیریوں پر تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، آزادی کیلئے پرامن احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر پیلٹ گنز اور ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں، دن دیہاڑے کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔
حریت رہنما نے کہا کہ دنیا کا ہر ذی شعور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم و سیاسی جماعتیں ایک اور کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ حکومت مسئلہ کشمیرسے متعلق جامع حکمت عملی ترتیب دے اور آر ایس ایس کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دلوانے کیلئے اقدامات کرے۔
انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، ہم نے ایک ہوکر ملک دشمن کامقابلہ کرنا ہے، کشمیریوں کے منصفانہ مؤقف کوہرفورم پراجاگرکریں گے ، آزادی کا سورج ضرورطلوع ہوگا۔
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی غیرقانونی لاک ڈاؤن کوایک سال ہوچکا ہے، کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشتگردی کاسامنا ہے،ہر جگہ لاشیں گری ہیں ، انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال کا نوٹس لیں۔
مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری نظر بند او ر گرفتار حریت رہنماؤں کی آزادی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔