بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما ثناء خان کو ان کے شوہر نے موت کے گھاٹ اتار کر لاش دریا میں پھینک دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ثناء خان ریاست مہاراشڑا میں بی جے پی اقلیتی ونگ کے سربراہ تھیں جن کے پچھلے ہفتے لاپتا ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
جبل پور پولیس بتایا کہ ثناء خان کو ان کے شوہر امیت عرف پپو ساہو نے قتل کیا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مقتولہ پچھلے ہفتے شوہر سے ملاقات کیلیے ریاست مدھیہ پریش روانہ ہوئی تھیں۔ انہیں دو دن کے اندر گھر لوٹنا تھا لیکن وہ لاپتا ہو گئیں۔
ملزم امیت عرف پپو ساہو شراب کے کاروبار میں ملوث ہے اور کھانے کا ٹھیلہ بھی لگاتا ہے۔ ملزم اور مقتولہ کے درمیان کئی سالوں سے مالی مسائل کے باعث تعلقات خراب رہے۔
امیت نے تفتیش کے دوران اہلیہ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ میں نے ثناء پر تشدد کیا لیکن اس کی موت واقع ہوگئی، میں نے ڈر کے مارے لاش کو گھر سے 45 کلو میٹر دور دریا میں پھینک دیا۔
ملزم کے اعتراف جرم کے بعد پولیس نے معاملے کی مزید چھان بین شروع کر دی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بی جے پی رہنما کے قتل میں امیت کے ساتھ ایک اور ملزم بھی ملوث ہے۔