گٹر میں گرنے والا بچہ ایک ہفتے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
یہ واقعہ جرمنی میں پیش آیا جہاں ایک ہفتے سے لاپتہ بچہ برساتی نالے سے زندہ مل گیا۔
جوئے نامی لڑکا 17 جون کو گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں آیا جس پر پریشان حال والدین نے تلاش شروع کی اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
8سالہ بچے کو اس وقت تلاش کر لیا گیا جب ایک راہ گیر نے گٹر سے کسی کی ہلکی آواز سنی اور وہ چونک کر رکُ گیا۔
راہ گیر نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس نے بچے کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس چیف جوہان کوہیمے کا کہنا ہے کہ عوام کی مدد سے ہم آج سیوریج سسٹم میں جوئے کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ زندہ ہے اور اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ بہتر حالت میں ہے اور ہم سب سکون کی سانس لے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران تلاش کی کوششوں میں نہ صرف ملک بھر کے مختلف پولیس محکموں کے بہت سے پولیس افسران شامل تھے بلکہ کئی پولیس افسران نے اپنے فارغ وقت میں رضاکارانہ طور پر جوئے کی تلاش میں مدد کی۔