میسوری: امریکی ریاست میسوری کے ایک علاقے میں لاپتا کتا دو ماہ بعد ایک غار سے زندہ برآمد ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق میسوری کے علاقے پیریویل میں ایک گھر سے 9 جون کو لا پتا ہونے والے 13 سالہ کتے ایبی کی تلاش بھی اس کے مالک جیف بونہرٹ نے مایوس ہو کر چھوڑ دی تھی، تاہم اچانک ایک غار سے اس کے ملنے کی خبر آ گئی۔
رپورٹس کے مطابق 6 اگست کو کچھ لوگ غاروں میں گھومنے کے لیے نکلے تھے، کہ انھوں نے ایک غار میں ایک کتے کو پایا، جس کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا کہ وہ لا پتا کتیا ایبی ہے۔
بونہرٹ نے بتایا کہ ان کی پالتو کتیا ایبی چند ہفتے بعد ہی 14 سال کی ہونے والی ہے، مجھے حیرت ہے کہ اس نے خود کو 60 دن تک خود کو غار میں پھنسے رہنے کے دوران زندہ رکھا، کیوں کہ غار سے نکلنے کا راستہ آسان نہیں تھا، اندر اندھیرا تھا اور درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیئس تھا۔
بونہرٹ نے بتایا کہ شاید ان کی کتیا غار کے اوپر کسی سوراخ یا دراڑ میں سے نیچے گری ہوگی، اور غار میں ہر جگہ اس کے قدموں کے نشان بتاتے ہیں کہ اس نے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن پھر مایوس ہو کر بیٹھ گئی۔
مالک نے بتایا کہ ایبی کا وزن عام طور پر تقریباً 23 کلو گرام ہوتا ہے، لیکن غار میں اس کا نصف وزن کم ہو گیا ہے، کیوں کہ کھانے کو کچھ خاص نہ مل رہا ہوگا، یہاں تک کہ اس میں بھونکنے کی طاقت بھی نہیں بچی تھی۔