جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

لاپتہ معمر شخص نے جنگل میں 17دن کیسے گزارے؟ حیرت انگیز روداد

اشتہار

حیرت انگیز

نیو یارک : امریکہ کے جنگل بیابان میں گم ہو جانے والے ایک معمر شخص کو17 دن بعد ڈھونڈ لیا گیا، 69سالہ شخص ہیری کو ریسکیو کے بعد تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا۔

امریکہ کے بیابان علاقے ٹوکیٹی میں 69 سالہ ہیری نامی شخص جو گزشتہ 17 روز سے لاپتہ تھا انتظامیہ کی سر توڑ کوششوں کے بعد بالآخر ڈھونڈ لیا گیا۔

ہیری کی اہلیہ نے 7مئی کو اپنے شوہر کی گمشدگی کی اطلاع مقامی پولیس کو دی تھی، اہلیہ کے مطابق ہیری کیمپنگ کیلئے اس علاقے میں گیا اور لاپتہ ہوگیا۔

- Advertisement -

پولیس نے ہیری کی تلاش کیلئے 8مئی سے اپنی کوششوں کا آغاز کیا، اس سلسلے میں ایک سرچ آپریشن شروع کیا گیا، ابتدائی طور پر پولیس کو ہیری کی کار تلاش کرنے میں کامیابی ملی لیکن ہیری کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیم کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ہیری نے لاپتہ ہونے سے قبل مچھلیاں شکار کرنے کے لئے ٹوئن لیکس کے علاقے میں سفر کیا تھا۔

ریسکیو ٹیم مقامی رضاکاروں سے مدد حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور سرچ آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھادیا گیا اس کیلئے دیگر آٹھ مقامات سے 40 رضاکاروں نے ہیری کی تلاش شروع کی حتیٰ کہ انہوں نے ہیری کی تلاش کے لئے ایک فیس بک گروپ بھی ترتیب دیا تھا۔

ہر ممکن اقدامات کے باوجود ٹیم کو ہیری کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی اہم سراغ نہیں مل سکا تھا تاہم 16 مئی کو رضاکار صحرا میں ایک عارضی پناہ گاہ ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگئے۔

رضا کاروں نے اس مقام پر ایک نوٹ اور آگ جلانے کیلئے لائٹر چھوڑ دیا جس میں لکھا تھا کہ وہ آگ جلائے تاکہ اس کے دھوئیں سے اس کی موجودگی کا اشارہ مل سکے، ایک ہفتہ بعد سرچ ٹیم کو ایک اور پناہ گاہ ملی اور اس بار انہیں ہیری بھی مل گیا۔

پیر کے روز ڈگلس کاؤنٹی شیرف نے بتایا کہ ہیری مل گیا ہے وہ بھوک اور پیاس کی شدت سے نقاہت سے چل رہا تھا اور درد کی شکایت بھی کررہا تھا لیکن اس کی حالت کسی حد تک مستحکم تھی۔ ریسکیو کے بعد ہیری کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی امداد کیلئے اسپتال لے جایا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں