اشتہار

گلیشیئر سے پرانی لاش برآمد ہو گئی

اشتہار

حیرت انگیز

برن: سوئٹزرلینڈ میں ایک گلیشیئر سے 32 برس پرانی لاش برآمد ہو گئی ہے، حکام نے لاش کی شناخت بھی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کوہ پیماؤں کے ایک گروہ نے جولائی کے آخر میں اسٹاکجی گلیشیئر پر ایک لاش برآمد کی ہے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ 32 برس قبل لاپتا ہونے والے ایک جرمن شہری کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ باقیات جرمنی کے بڈن-ورٹمبرگ کے قصبے نورٹنگن سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نوجوان کی ہیں، جو 1990 کی دہائی میں پیدل سفر کے دوران لاپتا ہو گیا تھا۔

- Advertisement -

باقیات سوئٹزرلینڈ کی زرمٹ پہاڑی کے ایک تفریحی مقام سے دریافت ہوئی ہیں، حکام نے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے لاپتا شخص کی پہنچان کی۔

سوئٹزر لینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ گلیشیئر کے سکڑنے کی وجہ سے اس شخص کی لاش سامنے آئی ہے۔

کوہ پیماؤں کا کہنا تھا کہ انھوں نے اترائی میں ایک پتھر پر کچھ رنگ برنگی چیزیں دیکھیں، جس پر وہ کافی حیران ہوئے، انھیں لگا شاید کسی کو مدد کی ضرورت ہو، لیکن جب وہ نیچے گئے تو وہاں ایک لاش تھی اور اس کے قریب سامان پڑا ہوا تھا۔

لاپتا ہونے والے 27 سالہ شخص کی شناخت تھامس فلیم کے نام سے ہوئی ہے، جو اگست 1990 میں اس وقت لاپتا ہوا تھا جب وہ الپس میں کئی دن کے پہاڑی دورے پر اکیلے سفر پر نکلا تھا۔

فلیم کی اس کوہ پیمائی مہم کا اختتام اٹلی کے شہر ڈوموڈوسولا میں ہونا تھا، جہاں ان کا مقصد ایک دوست سے ملنا تھا، تاہم وہ اپنی منزل پر نہیں پہنچا، نوجوان نے تنہا سفر کے دوران اپنے لاپتا ہونے سے کچھ پہلے دو خط بھی لکھے تھے۔

29 جولائی 1990 میں فلیم نے اپنی دادی کے نام ایک خط لکھا، جس میں انھوں نے اس خوشی کا اظہار کیا تھا کہ وہ تنہا سفر کر کے مونٹ بلانک کی بلندی طے کر چکے ہیں۔ آخری بار یکم اگست کو ان کی ماں سے ان کا رابطہ ہوا تھا اور اس کے تین دن بعد ہی ان کی ماں نے ان کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی۔

یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کہ اصل میں ہوا کیا تھا، ان کی تلاش میں سوئس اور اطالوی حکام نے تعاون کیا تھا، تجربہ کار پہاڑی گائیڈز کے ساتھ ایک ہیلی کاپٹر نے بھی علاقے کی تلاشی لی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں