کراچی : ڈیفنس فیز 5 سے لاپتہ ہونے والے نوجوان اویس اکبر سے متعلق پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، مذکورہ نوجوان حیدرآباد سے بازیاب کرلیا گیا۔
اس حوالے سے ساؤتھ زون پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 سے لاپتہ ہونے والا نوجوان اویس اکبر حیدرآباد سے مل گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان کے والد نےگزشتہ ہفتے 6 فروری کو درخشاں پولیس اسٹیشن میں بیٹے کے اغوا کی ایف آئی آر درج کروائی تھی۔
پولیس کو دیئے گئے والد کے بیان کے مطابق اویس اکبر ڈپریشن کا شکار اور یکم فروری سے لاپتہ تھا، ایف آئی آر کے اندراج کے بعد مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ پڑتال کی گئی، اسپتالوں، مزارات اور دیگر مقامات پر بھی تلاش کیا گیا۔
بعد ازاں پولیس کو حیدرآباد سے ایک اطلاع موصول ہوئی کہ مذکورہ نوجوان اویس اکبر کو وہاں دیکھا گیا ہے، جس کے بعد کراچی پولیس بھی حرکت میں آگئی۔
تھانہ درخشاں کی ایک ٹیم نے فوری طور پر حیدرآباد روانہ ہوکر نوجوان کو بازیاب کیا، نوجوان اویس اکبر کو کراچی لاکر اس کے اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں : لاپتہ ہونے والا 20 سالہ نوجوان تشدد کے بعد قتل
یاد رہے کہ کراچی میں 3 فروری کو لاپتہ ہونے والے 20 سالہ نوجوان کو تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق 3 فروری کو لاپتہ ہونے والا 20 سالہ الیاس نوجوان دو روز قبل بے ہوشی حالت میں ملا تھا جس کے بعد دوران علاج دم توڑ دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو روز قبل الیاس کلفٹن کے قریب بیہوشی کی حالت میں ملا تھا، گزشتہ روز 20 سالہ الیاس نے جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑا ہے۔