ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے لئے پاکستان کا دستہ روانہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والے تمام غیر ملکی کھلاڑی جاپان پہنچنے پر چار روز کا قرنطینہ کرینگے،ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہو رہا ہے جو کرونا کی وبا کے باعث ایک سال کی تاخیر سے شروع ہورہی ہے۔
جاپانی حکومت کی جانب سے جن غیر ملکی ایتھلیٹس کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ان میں انڈیا، پاکستان، نیپال، مالدیپ، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔
پاکستان کا پہلا دستہ اسلام آباد سےٹوکیو کیلئے روانہ ہوا، دستےمیں چھ کھلاڑی اور تین آفیشلز شامل ہیں، ان کھلاڑیوں میں تین شوٹرز جی ایم بشیر،گلفام جوزف اورخلیل اختر بھی شامل ہیں۔
بیڈمنٹن کٹیگری میں ماحور شہزاد نمائندگی کریں گی جبکہ تیراکی میں بسمہ خان اورحسیب طارق کا نام شامل ہے۔
یاد رہے کہ سات جولائی کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے 22 رکنی دستے کا اعلان کیا تھا،پاکستانی دستے میں 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز شامل ہیں۔