منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

ایم ایم اے کا وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پیپلزپارٹی کے بعد ایم ایم اے نے بھی وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ دے دیا، ایم ایم اے کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے اے پی سی کے فیصلوں سے روگردانی کی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے اتحاد میں پھوٹ پڑگئی، پیپلزپارٹی کےبعد ایم ایم اے بھی ن لیگ سے منحرف ہوگئی، ایم ایم اے نے وزیراعظم کے لئے نامزد امیدوار شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ایم ایم اے کا مؤقف ہے کہ ن لیگ نے اے پی سی کے فیصلوں سے روگردانی کی۔

ایم ایم اے کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ووٹ کے لئے جماعت اسلامی پابند نہیں، اپوزیشن کو واضح اور دو ٹوک ترجیحات طے کرنا ہوں گی۔


مزید پڑھیں : شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیں گے، چوہدری منظور


گزشتہ روز پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان سامنے آیا تھا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے وزیراعظم کا امیدوار تبدیل کرنے کا مطالبہ کریں گے، شہبازشریف کو ووٹ نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے دوران بھی دیکھا گیا کہ پیپلز پارٹی نے احتجاج کے دوران مسلم لیگ نواز کا ساتھ نہیں دیا تھا۔

پیپلزپارٹی رہنماچوہدری منظورنے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کی مرضی کا امیدوار نہ آیا تو ہوسکتا ہے، ووٹنگ میں حصہ ہی نہ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شہبازشریف کوووٹ نہیں دیں گے، زرداری صاحب رائیونڈ گئے تو شہبازشریف سے نہیں ملے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے فیصلے پر ڈٹ گئی ہے اور کہا کہ شہباز شریف ہی اپوزیشن کی طرف سے وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی آخری وقت تک کوشش کی جائے گی کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کی حمایت کرے،  اگر پی پی نے ساتھ نہ دیا تو بھی عمران خان کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔

خیال رہے وزیر اعظم کا انتخاب کل سہ پہر ساڑھے 3بجے ہوگا،عمران خان اور شہباز شریف کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں