کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا تاریخی جلسہ ہوگا، دینی جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر مخالفین کو تکلیف ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق کہنا تھا کہ خلائی مخلوق سے متعلق شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کا بیانیہ ایک ہے، وزیر اعظم اور نواز شریف کے بیانیے سے اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی۔
انہوں نے خیبر پختونخواہ کی سیاست اور تحریک انصاف سے اتحاد کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کے ساتھ کے پی میں حکومتی اتحاد تھا، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا پالیسی پر اتحاد کبھی نہیں ہوا، اتحاد کے دوران ہم نے صوبے کی بہتری کے لیے کام کیا۔
متحدہ مجلس عمل کو مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان
عام انتخابات سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے حوالے سے بے یقینی کو ختم کرے تاکہ ایک بہتر انداز میں انتخابات کرائے جاسکیں، الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات شروع کر دے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے 13 مئی کو ایم ایم اے کے تحت مینار پاکستان لاہور پر جلسے عام کا اعلان کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں ایم ایم اے کی جانب سے مینار پاکستان کے جلسے کے بعد 9 مئی کو ملتان اور 12 مئی کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بھی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔