کراچی: متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ووٹ انتہائی اہمیت کا حامل اور قیمتی چیز ہے لیکن کہیں کھمبے اور کہیں ٹرانسفارمر کے عوض ووٹ کے سودے جاری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ووٹ کو وہ مقام نہیں مل سکا جو آئین دیتا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا ’پانچ برسوں میں کسی کو انصاف یاد نہیں آیا، اب اچانک انصاف کیوں یاد آ گیا ہے، ہم انصاف کے خلاف نہیں لیکن وقت کا بھی کچھ خیال رکھنا چاہیے۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ووٹ بندوق، توپ اور گولی کے ذریعے حاصل کیا جاتا تھا، اب ان کی جگہ ووٹ کی پرچی نے لے لی ہے۔
مستونگ، بنوں اور پشاور کے سانحات پر قوم افسردہ ہے، سراج الحق
انھوں نے کہا ’روشن خیال قوتیں مذہب کے نام پر ملک پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں، عوام 25 جولائی کو ووٹ کی مدد سے سیکولر قوتوں کو شکست دیں۔‘
ایم ایم اے کے صدر کا کہنا تھا کہ 70 برس سے ملک پر استحصالی نظام مسلط ہے لیکن ہم نے جمہوری ماحول میں قوم کے سامنے اپنا نظریہ پیش کرنا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔