اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو الوداع کہہ رہی ہوں، تحریک انصاف میں خواتین کی عزت نہیں کی جاتی۔
عائشہ گلالئی کا مزید کہنا تھا کہ میں آج پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دوں گی ، جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گی۔
خیال رہے عائشہ گلالئی کا یہ اعلان ایسے وقت مین سامنے آگیا ہے ، جب پاکستان کے نئے وزیراعظم کا انتخاب ہونے جارہا ہے۔
مزید پڑھیں : تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل
یاد رہے کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نے پارٹی چھوڑ کر پی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تاہم یہ نعرہ لگاتے ہوئے پارٹی خود تبدیل ہوگئی اور یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔
ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کی بیٹی ہونے کے ناطے عمران خان کا ساتھ دیا تھا، تحریک انصاف کے لیے میری قربانیاں سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا وقت گزرا،اس لیے کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتی۔