کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں واقع غیرملکی فوڈ چین پر مشتعل افراد نے حملہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق درجنوں مشتعل افراد نے غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر پتھراؤ کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔
مشتعل افراد نے فوڈ شاپ کے باہر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے فوڈشاپ میں توڑ پھوڑ کی اور گیٹ کا شیشہ توڑا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور توڑ پھوڑ میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ایک شخص کو ہتھوڑے سمیت حراست میں لیا گیا ہے جب کہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔
شہر میں دوسرے مقامات پر ایسے ہی حملوں کی اطلاعات پر پولیس کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔