کراچی : ملک بھر میں مسلسل تین روز تک معطل رہنے کے بعد موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، صارفین نے سکون کا سانس لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہوگئیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کراچی، پشاور، ملتان، لکی مروت، مانسہرہ، ٹھٹھہ میں موبائل فون پر انٹرنیٹ سروسز بحال ہوگئیں۔
دوسری جانب پی ٹی اے کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 9مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس محدود کردی تھی جبکہ سوشل میڈیا تک رسائی کو بھی محدود کردیا گیا تھا۔
تاہم گزشتہ روز ذرائع پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد ہی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی۔ تاہم ابھی موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد عمران خان ایک رات قومی احتساب بیورو (نیب) کی زیر حراست حوالات میں رہے، دوسرے دن عدالت میں پیشی کے موقع پر انہوں نے بیان دیا تھا کہ انہیں دوران حراست انہیں خدشہ تھا کہ مجھے مقصود چپڑاسی کی طرح مار دیا جائے گا۔