کراچی : کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم الحرام کے دوران موبائل سروس بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 8 محرم الحرام کے جلوس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر ،حیدر آباد ،شکار پورمیں موبائل فون سروس بند کردی گئی جبکہ چکوال، فیصل آباد اور بھکر میں بھی موبائل فون خاموش ہوگئے، غیر اعلانیہ موبائل سروس کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب موبائل فون کے ساتھ ٹریکروالی گاڑیاں بھی جام ہوگئیں ، جس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں سے ٹریکر کمپنیوں میں شکایاتوں کی لائن لگ گئی، ٹریکر کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑیاں جام ہونے پر صارفین کے فون آرہے ہیں، ٹریکر میں بھی سم استعمال ہوتی ہے، ہمیں نہیں بتایا گیا تھا آج بھی سروس بند کی جائے گی۔
ٹریکر کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ آج صرف جلوس کے راستوں پر موبائل جام ہونا تھی، متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے ٹریکرسم کھلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں آٹھ سے دس محرم تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائدکردی ہے جبکہ جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : یوم عاشور: کراچی میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر8اور9محرم الحرام کو سندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند رہے گی، جبکہ دس محرم کو کراچی میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس دوران انٹرنیٹ ڈیوائسز اور وی وائرلیس سروس بھی معطل رہے گی۔