کراچی: شہرِ قائد میں محرم الحرام کی سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر 8، 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ داخلہ سندھ نے کراچی میں عاشورہ کے تین روز سیکورٹی خدشات کے سلسلے میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ سندھ کہتے ہیں کہ موبائل سروس ماتمی جلوس کے روٹس پر صبح 10 سے رات 9 بجے تک معطل رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق موبائل فون سروس کراچی کے علاوہ، حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ اور دیگر شہروں میں بھی معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تین دن موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
واضح رہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر کراچی میں آج سے 10 محرم تک رات بارہ بجے تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمۂ داخلہ نے اس سلسلے میں کہا کہ محرم الحرام کی سیکورٹی کے سلسلے میں شہرِ قائد میں تین دن کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی۔