محکمہ موسمیات کراچی کی جانب سے ریکٹر اسکیل پر 9.2 شدت کے سمندری زلزلے (سونامی) کی فرضی مشق کرائی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سیسمک سینٹر میں سماٹرا کے گہرے سمندر میں 9.2 شدت کے سمندری زلزلے کی فرضی مشق کی گئی۔ اس دوران دیگر ممالک کے ساتھ فرضی زلزلے کے بعد باہمی رابطوں کے ذریعے معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
فرضی مشق میں دیگر ممالک کے ساتھ مواصلاتی رابطوں اور سماجی رابطوں کے ذریعے کئی مراحل کے دوران زلزلے کے پیغامات اوراس کے حوالے سے ردعمل کو جانچا گیا۔
ڈائریکٹر سیسمک سینٹر کراچی امیر حیدرلغاری کے مطابق رواں سال میں یہ سرگرمی دوسری مرتبہ کی گئی۔
مشق کے دوران سونامی وارننگ سینٹر کراچی طے کردہ ایس او پی کے مطابق سونامی بلیٹنز جاری کیے گئے۔
اس حوالے سے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ پاکستان بحر ہند کے سونامی وارننگ نظام کے بین الحکومتی رابطہ گروپ کا ایک رکن ملک ہے اور قومی سونامی وارننگ سینٹر کے طور پر ایک نامزد قومی اتھارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹنگ ڈرل مشق کا بنیادی مقصد ساحلی برادری کو آگاہ کرنا اور سونامی کے کسی بھی ممکنہ خطرے کے لیے تیار رکھنا ہے۔