اسلام آباد: ملک بھر کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر تک جا پہنچی، ماڈل کورٹس میں 18 مجرمان کو سزائے موت اور 40 مجرمان کو عمر قید کی سزا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل کورٹس کی کارکردگی کی 15 روزہ رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر تک جا پہنچی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ قتل کے مقدمات 7 اضلاع میں ختم ہوچکے، ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹس نے قتل کے 158 مقدمات جبکہ منشیات کے 535 مقدمات کے فیصلے کیے۔
صوبہ پنجاب میں قتل کے 65 اور منشیات کے 153 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ میں قتل کے 47 اور منشیات کے 196 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ میں قتل کے 45 اور منشیات کے 177 مقدمات جبکہ بلوچستان میں قتل کے ایک اور منشیات کے 9 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 18 مجرمان کو سزائے موت اور 40 مجرمان کو عمر قید کی سزا دی گئی۔