ملتان: شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کردی ہے، سب جانتے ہیں اس بیٹھک میں کیا گفتگو ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کر دی ہے، فیصلے ہو چکے اور مشاورت باقی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل، نگران وزیراعظم کے لیے 2 بڑی جماعتوں نے فیصلے کیے۔
انھوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں اس بیٹھک میں کیا گفتگوہوئی، فیصلوں پر پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائےگا، یہ بھی ابہام نہیں رہا کہ نگران وزیراعظم کس کی مرضی کا ہوگا دو بڑوں نےفیصلہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مشاورت کا بھی آئینی طریقہ ہوتا ہے، بڑا واضح ہے کہ کیئر ٹیکر سیٹ اپ کس نوعیت کا ہوگا، لگتا ہے استحکام بھی عدم استحکام کا شکار ہونے جا رہی ہے۔
شاہ محمود نے سوال کیا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ دو بڑی جماعتوں نے کرنا ہے یا عوام نے؟